پی ڈی ایم سیا ست چمکار ہی، یہ وقت مصیبت زدوں کی مدد کا ہے: پرویز الہی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں سینئر سیاستدان نذیر احمد جٹ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت سیاست سے اوپر سوچنے کا ہے۔ اصل سیاست اس وقت دکھی انسانیت کی خدمت ہی ہے جو عمران خان کی قیادت میں ہم کررہے ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے خصوصی میڈیکل کیمپس کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔ میری ہدایت پر چیف سیکرٹری کامران افضل ایک بار پھر متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں جبکہ صوبائی وزراء بھی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے اقدامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ دوسری طرف بدقسمتی سے پی ڈی ایم کی جماعتیں موجودہ حالات میں بھی سیاست چمکا رہی ہیں۔ حکومت پنجاب متاثرین کی مدد کے لئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کررہی ہے۔ یہ وقت اختلافات بھلا کر مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کرنے کا ہے۔ نذیر احمد جٹ رکن قومی اسمبلی عائشہ نذیر جٹ اور عارفہ نذیر جٹ کے والد ہیں۔ پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی جماعتوں کا سیلاب پر سیاست کرنا قابل مذمت ہے۔ سیلاب پر سیاست چمکانے والوں کی عقل پر ماتم ہی کیا جا سکتا ہے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے ہر ممکن ضروری اقدام اٹھایا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آپ دکھی انسانیت کی خدمت نہیں کرسکتے تو ان کے زخموں پر نمک بھی نہ چھڑکیں۔