• news

پی ایف سی چین ون کےساتھ ملکر الاقوامی ایکسپو میں شرکت کرےگی : کاشف اشفاق 


لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) 10 ستمبر سے ترکی کے شہر استنبول میں منعقد ہونے والی 5 روزہ بین الاقوامی ایکسپو میں شرکت کرے گی جس سے یورپ میں کاروباری مواقع اور نئی منڈیوں کی تلاش میں مدد ملے گی۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے گزشتہ روز بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف سی چین ون کے ساتھ مل کراس بین الاقوامی میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی جس میں پوری دنیا سے ہزاروں صنعت کار شرکت کرکے اپنی مصنوعات کی نمائش کرتے ہیں۔ غیر ملکی تجارتی میلوں میں شرکت کا بنیادی مقصد قومی معیشت کو مضبوط بنانا ہے اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان برآمدی مصنوعات تیار کرنے والوں کو ان میں شرکت کیلئے سہولت فراہم کر رہی ہے۔ چن ون اپنی اعلیٰ اور بین الاقوامی معیار کی مصنوعات کی نمائش بھی کرے گا تاکہ عالمی منڈیوں میں جگہ بنائی جا سکے۔ یہ ایکسپو پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ کاروباری معاہدے کرنے کا بہترین موقع ہے۔ یہ ایکسپو عالمی خریداروں کو ایک سورسنگ پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے جس میں بنیادی اشیاءسے لے کر انتہائی تخلیقی اور معیاری مصنوعات کی وسیع رینج شامل ہے۔ میاں کاشف نے کہا کہ پی ایف سی اور چن ون پہلے بھی امریکہ، چین، اٹلی، سری لنکا وغیرہ میں کئی بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت کر چکے ہیں اور وہاں اپنی مصنوعات متعارف کروائی ہیں جن کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ایکسپو میں غیر ملکی خریداروں سے آرڈرز حاصل ہو سکیں گے۔وہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو حکومت کے بے مثال خصوصی پیکیج سے فائدہ اٹھانے اور سرمایہ کاریپر راغب کرنے کیلئے بزنس ٹائیکونز کے ساتھ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں وہ پیکج کی نمایاں خصوصیات کو اجاگر کریں گے اور سرمایہ کاروں کو مستحکم اور محفوظ پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن