چیف سیکرٹری کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، بچوں سے اظہار شفقت
لاہور(نیوزرپورٹر)وزیرا علی پنجاب کی ہدایت پر چیف سیکرٹری کامران علی افضل نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہریار سلطان کے ہمراہ روجھان اور راجن پور میں فلڈ ریلیف کیمپس میں انتظامات کا جائزہ لیا۔چیف سیکرٹری نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور بچوں سے شفقت کا اظہار کیا۔چیف سیکرٹری نے ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کو سیلاب کے باعث ناقابل رسائی علاقوں میں رسپانس مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں ادویات اور طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ لائیو سٹاک کی موبائل ٹیموں کو فیلڈ میں متحرک کیا جائے اورسیلاب زدہ علاقوں میں مویشیوں کی ویکسی نیشن اور چارہ ترجیحی بنیادوں پرفراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ امدادی سامان کی شفاف تقسیم کیلئے فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کو تعاون اوررہنمائی فراہم کرے۔چیف سیکرٹری نے کوہ سلیمان کے متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریلیف آپریشن تیز کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔کمشنر ڈیرہ غازی خان لیاقت علی چٹھہ نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع راجن پور کے سیلاب زدگان میں 16685 خیمے،48122 راشن بیگز، 1430 چٹائیاں،6866 منرل واٹر کی بوتلیں اور 2000 مچھر دانیاں تقسیم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں 27 ریلیف، 48 میڈیکل اور 55 ویٹرنری کیمپس لگائے گئے۔