سرائے مغل میں لمپی سکن کا حملہ‘ درجنوں جانور ہلاک‘ انتظامیہ خاموش
سرائے مغل (نامہ نگار) علاقے بھر میں لمپی سکن بیماری سے سینکڑوں جانور بیمار، درجنوں ہلاک ہو گئے ہیں۔ مویشی ہلاک ہونے کا سلسلہ کئی دیہات تک پھیل گیا ہے۔ کاشتکاروں میں خوف وہراس پھیل گیا، مگر انتظامیہ‘ محکمہ حیوانات خاموش تماشائی بنے کسانوں کی تباہی کا نظارہ کر رہے ہیں۔ کسان بورڈ نے احتجاج کی دھمکی دے دی ہے۔ سینکڑوں مویشی اس موذی مرض میں مبتلا ہو کر اپنے مرنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ کاشتکار مہنگی دوائیاں استعمال کر کے بھی کنگال ہو چکے ہیں مگر جانور صحت یاب ہونے کا نام نہیں لے رہے۔ کسان بورڈ ضلع قصور کے صدر رانا خالد مسعود خاں نے وزیر اعلی پنجاب اور وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد اس موزی مرض لمپی سکن کے علاج کیلیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، بیماری کی ویکسین مفت مہیا کی جائے وگرنہ متاثرہ کسان مردہ جانوروں کو وزیر اعلی پنجاب کے گھر کے باہر پھینک کر احتجاج کریں گے۔
لمپی سکن