عالمی برادری کشمیریوں کی تحریک آزادی کا ساتھ دے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملائشیا میں اسلامی تحریکوں کی بین الاقوامی کانفرنس، یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی پٹروناس کے پاکستانی طلبہ اور کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا۔ ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔ کانفرنس کا اہتمام اسلام ملائشیا پارٹی نے ریاست قدح کے دارالحکومت الورستار میں کیا۔ کانفرنس میں پاکستان، ترکی، فلسطین کے علاوہ جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کی اسلامی تحریکوں کے رہنماﺅں نے شرکت کی۔ صوبہ قدح کے وزیر اعلیٰ محمد سنوسی محمد نور نے تمام شرکا سے اپیل کی کہ ہمیں مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دینا چاہیے۔ اس موقع پر محمد سنوسی نے امیر جماعت کو سیلاب زدگان کی امداد کے لیے دس ہزار ڈالر کا چیک پیش کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ہم پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کرنے پر ملائشیا کی حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔ اسلامی رفاہی اداروں نے بروقت امداد پہنچا کر پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔ الخدمت فاﺅنڈیشن کی خدمات کا اعتراف پوری پاکستانی قوم نے کیا۔ مسئلہ فلسطین کا ذکر کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ تمام مشکلات اور جارحیت کے باوجود فلسطینی قوم اسرائیلی مظالم کا بھرپور مقابلہ اور مسجد اقصیٰ کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ فلسطین کی آزادی اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے فلسطینی مزاحمت کی حمایت کرنا ہر مسلمان کا دینی فریضہ ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ زیرتسلط کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی تحریک آزادی کا ساتھ دیں۔ افغان عوام نے پوری دنیا کو دکھایا ہے کہ کبھی بھی کسی قوم کو زبردستی غلام نہیں بنایا جا سکتا۔ یونیورسٹی کے طلبہ اور پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ملک پر حکمرانی کرنے والی جماعتیں اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کریں۔
سراج الحق