• news

بھارتی نژاد رشی کو شکست‘ لزا ٹرس  برطانیہ  کی تیسری خاتون وزیر اعظم منتخب


لندن (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ)  47  سالہ خاتون وزیر خارجہ لز ٹرس مخالف امیدوار بھارتی نژاد رشی سنک کو واضح شکست دیکر برطانیہ کی تیسری خاتون وزیراعظم بن گئیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر خارجہ رہنے والی لز ٹرس کنزرویٹو کی چوتھی اور ملک کی تیسری خاتون وزیراعظم بن گئیں‘ ان سے قبل تھریسا مے اور مارگریٹ تھیچر ملک کی خاتون وزیراعظم رہ چکی ہیں۔ ملک کی نئی وزیراعظم کا انتخاب ووٹ دینے کے اہل 2 لاکھ ٹوری اراکین کے ذریعے کیا گیا جس میں آغاز سے ہی لز ٹرس کو اپنے مدمقابل امیدوار 42 سالہ وزیر خزانہ رشی سونک پر سبقت حاصل رہی تھی۔  میڈیا رپورٹس کے مطابق لز ٹرس آج منگل کو برطانیہ کی نئی وزیراعظم کا عہدہ سنبھالیں گی۔ لز ٹرس کو 81326 ووٹ ملے جبکہ ان کے مدمقابل رشی سونک 60399 ووٹ لے سکیں۔ اس موقع پر برطانیہ کی نئی وزیراعظم منتخب ہونے والی لز ٹرس نے کہا کہ پارٹی کے اعتماد اور سپورٹ  کرنے پر شکر گزار ہوں۔ لز ٹرس پہلی بار 2010 ء نارفوک سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی تھیں۔ لز ٹرس‘ ڈیوڈ کیمرون‘ تھریسا مئے اور بورس جانسن کی کابینہ میں ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں۔ لز ٹرس نے چند ماہ میں ٹیکس میں کمی کا حکومتی منصوبہ پیش کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔ برطانیہ میں 23 جنوری 2025ء کے متوقع انتخابات کے سبب وزیراعظم کو 10  ڈاؤننگ سٹریٹ میں 870 دن ملیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن