• news

آرمی چیف سمیت پوری فوج محب وطن ، عمران خود اپنی بات کی وضا حت کریں : صدر 


پشاور+اسلام آباد (بیورو رپورٹ+نمائندہ خصوصی ) صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ آرمی چیف سمیت پوری فوج محب وطن ہے، عمران خان اپنی بات کی خود وضاحت کریں۔ صدر مملکت نے گورنر ہائوس پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف سمیت پوری فوج محب وطن ہے، کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں کرنا چاہیے، عمران خان نے آرمی چیف کے حوالے سے جو بات کی وہ خود وضاحت کریں، میں کوئی کنفیوژن پیدا نہیں کرنا چاہتا، جو بھی بات کرے درکار ہے کہ وہ خود ہی اس کی وضاحت بھی کرے۔ عارف علوی نے کہا کہ میں قومی حکومت کے قیام کی کوشش نہیں بلکہ سب کو ایک ساتھ بٹھانا چاہتا ہوں، اس کام میں کامیابی کے لیے پرامید ہوں، وزیراعظم سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، اگر رابطہ نہیں ہے تو فاصلے بھی نہیں، شفافیت آجائے تو صوبوں کے مابین بداعتمادی ختم ہوجائے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بہتر ڈیل ہے، پاکستان معاشی دبائو سے نکل آیا ہے، دیگر ادارے بھی اب تعاون کریں گے، دعا ہے کہ مہنگائی جلد ختم ہوجائے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک جانور ہے جسے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے، اس کے ساتھ گزارا کرنا ہوگا، یہ ریگولیٹ نہیں ہوسکتا، جو کوئی بھی بات کرے احتیاط سے بات کرے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ لوگوں کے فون ٹیپ کرنا خطرناک ہے، تاہم ایسا دنیا بھر میں ہوتا ہے، میں ای ووٹنگ کا حامی ہوں، میں نے اس سلسلے میں کافی کام کیا ہے۔عارف علوی نے امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن کو ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا۔ اس حوالہ سے خصوصی تقریب ایوان صدر میں ہوئی۔ عارف علوی نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر شیلا جیکسن کو ایوارڈ دیا۔

ای پیپر-دی نیشن