عمران خان غیر ملکی ہاتھوںمیں کھیل کر ملک کو نقصان پہنچارہے ہیں: ارشد مہند
حافظ آباد( نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) پیپلز پارٹی کے ضلعی راہنمااور ڈسٹرکٹ بار کے سابق صدر محمد ارشد مہند ایڈوکیٹ نے عمران خان کے افواج پاکستان کے خلاف بیان کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمن عناصر کی سازشوں کاایجنڈہ قراردیا ہے اور کہا ہے کہ عمران خان اس وقت غیر ملکی ہاتھوںمیں کھیل کر ملکی سالمیت کو نقصان پہنچارہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کی ملکی اداروںکے خلاف بیان بازی سے محب وطن عوام میں دن بدن تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ وہ اپنی چرب زبانی سے مخصوص ٹولے کوگمراہ کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوںنے کہا کہ محب وطن جماعتیں انکی تمام سازشوں کو خاک میں ملادیں گی۔ محمد ارشد مہند نے کہا کہ عمران خان اقتدار کی ہوس میں اندھے ہوچکے ہیں اور انہیں کچھ نظر نہیں آرہا جس کی وجہ سے وہ تمام ملکی اداروںکے خلاف محاذ آرائی پر اتر آئے ۔