مفتاح سے امارات کی معاشی ٹیم‘ ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز وفد کی ملاقات
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل سے یو اے ای کے معاشی ٹیم نے ملاقات کی۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق یو اے ای کے وفد نے سرمایہ کاری کیلئے حکومت کے تعاون کو سراہا۔ ملاقات میں یو اے ای اور پاکستان کے درمیان معاشی سرگرمیاں بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ دنوں ملکوں کے درمیان توانائی‘ معیشت اور دوسرے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے سی ای او شہزاد امین سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈیری ایسوسی ایشن نے کہا کہ ملک میں حالیہ سیلاب اور لمپی سکن بیماری سے بہت سے مویشی مرگئے۔ مویشیوں کی ہلاکتوں سے ملک میں دودھ اور گوشت کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیرخزانہ نے متعلقہ حکام کہ ڈیری ایسوسی ایشن کے مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ دریں اثنا مفتاح اسماعیل سے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے ملکی معاشی ترقی میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کے برآمدکنندگان کو درپیش ٹیکس ریفنڈز اور دوسرے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مفتاح اسماعیل