خودکش بمبار نے روسی سفارتخانے کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا‘ سفارتخانے میں ویزے کے حصول کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد جمع تھی
کابل (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک خودکش دھماکے میں 2 روسی سفارتکاروں سمیت 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ روسی چینل نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ کابل میں دھماکے سے 2 روسی سفارتکاروں سمیت 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ دھماکہ روسی سفارتخانے کے قریب ہوا۔ اطلاعات کے مطابق خودکش بمبار نے روسی سفارتخانے کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے وقت سفارتخانے میں ویزے کے حصول کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔