نابینا افراد کا ظہور الٰہی روڈ پر دھرنا‘ پولیس کا لاٹھی چارج‘ 3 زخمی
لاہور (لیڈی رپورٹر) نابینا افراد ایک مرتبہ پھر اپنے مطالبات کے حق میںسفید چھڑیاں اٹھائے سڑکوں پر آگئے۔ گزشتہ روز نابینا ڈیلی ویجر یونین کے زیراہتمام درجنوں نابینا افراد ظہور الٰہی روڈ پر پہنچ گئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ظہور الٰہی روڈ کو بلاک کرکے دھرنا دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی رہائشگاہ تک پہنچنے سے روکنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج شروع کردیا جس سے ایک نابینا شخص زخمی ہوگیا، جس سے مظاہرین اورپنجاب پولیس کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔ لاہور پولیس نے وزیر اعلی ہاو¿س جانے والے راستے بیرئیر لگا کر بند کردیے۔ درایں اثناڈیلی ویجیز یونین کے تین عہدیداران کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ تشدد سے نڈھال تین مظاہرین کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈیلی ویجز بلائنڈ یونین کے چیئرمین فیاض، صدر عمر رشید اور جنرل سیکرٹری عبدالشکور کا کہنا تھاکہ ہم پرامن شہری ہیں اور پرامن احتجاج ہی کر رہے ہیں۔ باعزت روزگار ہمارا بھی حق ہے مگر ہم سے جھوٹے وعدے کئے جاتے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ نابینا افراد کو ملازتیں فراہم کی جائیں اور یومیہ اجرت والوں کو کنٹریکٹ دیا جائے۔
نابیناافراد‘ دھرنا