564 ارب ادائیگی کے باوجود پاکستان کے ذمے 2253 ارب کے گردشی قرضے
کراچی (این این آئی) پاکستان کی جانب سے 564 ارب قرض ادائیگی کے بعد بھی 2253 ارب کے گردشی قرض واجب الادا ہیں۔ سی پیک کے پاور پروجیکٹس میں گردشی قرض 220 ارب سے تجاوز کرگیا۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں جاری کی گئی ایک دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 564 ارب قرض ادائیگی کے بعد بھی 2253 ارب کے گردشی قرض واجب الادا ہیں۔ دستاویز میں کہا گیا کہ گزشتہ مالی سال 564 ارب روپے کا گردشی قرض اتارا گیا۔ سی پیک کے پاور پروجیکٹس میں گردشی قرض 220 ارب سے تجاوز کر گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے جون میں سی پیک پاور پروجیکٹس کے لیے 50 ارب ادا کیے تھے، سی پیک کے پاور پراجیکٹس کے سرمایہ کاروں نے تحفظات سے آگاہ کردیا۔ آئی ایم ایف نے بھی مہنگے بجلی گھروں پر اعتراض اٹھا دیا۔ زیادہ کپیسٹی چارجز والے بجلی گھروں سے از سر نو معاملات طے کرنے پر غور ہوگا۔