عدلیہ مخالف بیانات، فواد چودھری کے خلاف توہین عدالت درخواست خارج
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر نے عدلیہ مخالف بیانات پر فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔ درخواست گزار وکیل سلیم اللہ خان نے موقف اختیار کیاکہ درخواست کے ساتھ فواد چوہدری کے بیانات کا ٹرانسکرپٹ منسلک ہے پڑھنا چاہونگا، فواد چوہدری نے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کے خلاف توہین آمیز بیان دیا۔ فواد چوہدری نے کہا عمران خان کو توہین عدالت میں سزا ممکن نہیں کیونکہ وہ ایک پاپولر لیڈر ہیں، عدالت نے استفسار کیاکہ کس قسم کی توہین عدالت کی کارروائی ہو سکتی ہے؟، جس پر وکیل نے کہاکہ فواد چوہدری کے خلاف کریمنل توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالت نے کہاکہ دو قسم کے بیانات جس توہین عدالت کی کارروائی ہو سکتی ہے، سیاسی بیانات سے فیصلوں پر تنقید سے توہین عدالت نہیں ہوتی، اگر ہم اس قسم کے بیانات پر توہین عدالت کی کارروائیاں کریں گے تو ہمارے پاس کوئی اور کام نہیں رہے گا۔ سارا دن یہی کام کرتے رہیں گے، جس کیس کا آپ حوالہ دے رہے ہیں پہلے سے وہ کیس لارجر بنچ کے سامنے زیر سماعت ہے۔