• news

یوم  دفا ع : بھارتی غیر قا نونی قبضے والے کشمیر میں پاک فوج کے پو سٹرز آویزاں ، 2نو جوان شہید 


سرینگر؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+کے پی آئی + این این آئی) بھارت کے غیر قانونی قبضے والے  کشمیر میں 6 ستمبر کو یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شہید پاکستانی  لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سرمرو کی تصاویر والے پوسٹرز مختلف علاقوں میں آویزاں کئے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پوسٹرز سرینگر، شوپیاں، گاندر بل، پلوامہ اور دیگر اضلاع کے مختلف علاقوں میں چسپیاں کئے گئے ہیں۔ پوسٹرز میں ’’وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو گا اور کشمیری عوام کو ان کے حقوق ملیں گے، دشمن کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا‘‘ جیسے شہید جنرل سرفراز علی کے بیانات درج ہیں۔ دوسری جانب مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی جانب سے کریک ڈائون جاری ہے۔ شوپیاں میں گولیوں سے چھلنی نعش برآمد کی گئیں، باس کچھن شوپیاں میں مسلح تصادم، ایس او جی کیمپ پر  حملہ ہوا۔ اودھمپور میں سکھ برادری کے ایک رکن کرن سنگھ کٹوچ کی پراسرار موت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ سابق وزیر اعلی و نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ غیر کشمیری لوگوں کو  ووٹ ڈالنے کی اجازت دینا تباہ کن ہو گا۔ قابض بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے ضلع اسلام آباد میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیری نوجواوں کو محاصرے اور تلاشی کی آڑ میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن