یو ایچ ایس کیلئے 1ارب 88کروڑ سے زائد کے سرپلس بجٹ کی منظوری
لاہور(نیوزرپورٹر)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے بورڈ آف گورنرز کا 51واں اجلاس سابق چیف جسٹس جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کی صدارت میں ہوا ۔جس میں سال 23 -2022 کیلئے ایک ارب 88 کروڑ روپے سے زائد کے سرپلس بجٹ کی منظوری دی گئی۔ بورڈ نے پنجاب اور سندھ کے سیلاب سے متاثرہ دور افتادہ علاقوں میں ریلیف کیلئے ایک کروڑ روپے کے فنڈز کی بھی منظوری دی۔ مزید برآں یونیورسٹی کے افسران اور فیکلٹی اپنی ایک دن کی تنخواہ بھی فلڈ ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گے۔ بورڈ کے اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور، پروفیسر انوار اے خان، پرو وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر معروف عزیز خان، رجسٹرار ڈاکٹر اسد ظہیر، محکمہ سپشلائزڈ اور محکمہ خزانہ پنجاب کے نمائندوں شریک تھے جبکہ پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس نے آن لائن شرکت کی۔ بورڈ نے پرو وائس چانسلر پروفیسر معروف عزیز کی سربراہی میں فلڈ ریلیف کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے جو ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات پیش کریگی۔ پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس اور محکم سپشلائزڈ ہیلتھ کا نمائندہ بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ یہ کمیٹی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھیلنے والی بیماریوں کے سروے کے بعد ان سے نمٹنے کیلئے بھی سفارشات پیش کریگی۔