پنجاب سول سیکریٹریٹ کے سامنے غیر معینہ دھرنا دیں گے: اسحاق کھوکھر
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)شاہین لوکل گورنمنٹ ورکرز اینڈ سٹاف فیڈریشن پنجاب نے 22ستمبر کو مطالبات تسلیم نہ کئے جانے کی صورت میں لاہور سیکریٹریٹ کے سامنے غیر معینہ مدت تک احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ اس بات کا فیصلہ مرکزی صدر لیاقت بیک کی صدارت میں ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی چیئرمین اسحاق کھوکھر نے کہا کہ پنجاب بھر میں لوکل گورنمنٹ کے ملازمین اور سینٹری ورکرز پندرہ فیصد مہنگائی الائونس سے بدستورمحروم چلے آرہے ہیں جبکہ انکے دیگر مطالبات بھی تسلیم نہ کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ملازمین میں غم وغصہ کی لہر سرایت کرتی چلی جارہی ہے ۔اگر انکے مطالبات تسلیم نہ کئے گے تو 22ستمبر کو پنجاب بھر کی تمام میونسپل کمیٹیوں کے ملازمین دفاتر کی مکمل تالہ بندی کرتے ہوئے پنجاب سول سیکریٹریٹ کے سامنے غیر معینہ مدت تک احتجاجی دھرنا دیں گے اور اسوقت تک دھرنا ختم نہیںکریں گے جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوں گے۔