پاکستان افغانستان ا آج مد مقابل ٹرافی بولنے سے نہیں جیتی جاتی
اہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیا ٹی ٹونٹی کپ2022ء کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں آج دبئی میں مدمقابل ہونگی ۔ میچ شام سات بجے شروع ہوگا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف 6 ، 7 اوورز ہونے کے بعد لیفٹی اور رائٹی کمبی نیشن قائم رکھنے سے متعلق سوچا تھا کیوں کہ ہم دیکھ چکے تھے، بھارت کو فخر اور رضوان کا کمبی نیشن پریشان کررہا ہے اس لیے نواز کو بھیجا۔ محمد نواز کو کہا تھا کہ اپنا گیم کھیلیں اور وہ بغیر کسی پریشر کے کھیلے، محمد نواز کو لیفٹ ہینڈ بیٹر کے طور پر بھیجا لیکن اس نے پلان کے مطابق کھیل پیش کیا، محمد نواز کو بیٹنگ اس نمبر پر مل نہیں رہی تھی لیکن جب ملی تو اچھا پرفارم کیا۔ محمد رضوان ورلڈ کپ میں ہسپتال رہ کر آیا اس کا جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی، رضوان نے کہا تھا کہ پاکستان کیلئے کھیلنا ہے، مجھے خوشی ہوتی ہے کہ میرے پاس رضوان جیسے واریئرز ہیں۔محمد رضوان کو مانیٹر کیا جا رہا ہے وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں، ان کاسی ٹی سکین کرایا جا رہا ہے تا کہ مزید جائزہ لیا جا سکے، بھارت کیخلاف میچ کھیلنے کے بعد ہمارا مورال بلند ہوا، ہمارا پلان ہے کہ جس مومینٹم میں چل رہے ہیں وہی لے کر اگلے میچز پر چلیں۔ٹی ٹونٹی کی خوبصورتی ہے کہ کسی بھی بائولر پر اٹیک ہوسکتا ہے، ہمارے بائولنگ یونٹ نے اچھا اٹیک کیا اور اچھا کم بیک کیا۔ایشیا کپ ٹرافی بولنے سے نہیں جیتی جاتی، اس کیلئے کوشش اور محنت کرنا پڑے گی۔ محمد رضوان انجری کے ہوتے ہوئے کھیل رہے ہیں اور پرفارمنس دے رہے ہیں، ان کی ایم آر آئی ہوئی ہے وہ اب اچھا محسوس کر رہے ہیں۔ اپنے اوپر پورا یقین ہے کہ جہاں میرا جتنا لکھا ہے وہ ملنا ہے۔ خوشی ہوتی ہے کہ کوئی نا کوئی کھلاڑی پرفارمنس دے رہا ہے اور ہر میچ میں مختلف مین آف دی میچ آرہے ہیں، میں آئوٹ ہوتا ہوں تو محمد رضوان بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں۔ لوئر آرڈر کو پرفارمنس میں تھوڑی مشکل تھی لیکن اب پرفارمنس آنا شروع ہوگئی ہے۔ ٹیم ہونے کے ناطے ہمارے کھلاڑی اپنی ذمے داری بھرپور طریقے سے اپنے اوپر لے رہے ہیں، کپتان ہونے کے ناطے جب ذمے داری آتی ہے تو اس کو اچھے طریقے سے نبھانا چاہیے، اپنے کھلاڑیوں کو جو بھی پلان دیتا ہوں وہ بخوبی اس پر عمل کرتے ہیں، کپتان ہونے کے ناطے بہت کچھ سیکھا ہے اور سیکھنے کا عمل ہر وقت جاری رہتا ہے۔
بھارتی ٹیم کی حکمت عملی کا پتہ چل گیا تھا: ثقلین مشتاق
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ سپر فور میچ کے دوران بھارتی ٹیم کی حکمت عملی کا ہمیں پتہ چل گیا تھا۔ بھارت نے شروع میں بھرپور اٹیک کیا، ان کی اس حکمت عملی کا ہمیں پتہ چل گیا تھا۔ محمد رضوان سپر انسان ہیں، فٹنس کے مسائل چلتے رہتے ہیں، اللہ اس کو بری نظر سے بچائے۔ پاکستان دور نہیں ضرورت پڑتی تو دوسرا وکٹ کیپر بلا لیتے لیکن اس کی ضرورت نہیں پڑی۔فخر زمان فائٹر ہے، ہمیں اس کی صلاحیتیوں پر کوئی شک نہیں وہ میچ ونر ہے، آئندہ میچز میں وہ کم بیک کرینگے۔ چھوٹے فارمیٹ میں کوئی ٹیم آسان نہیں ہوتی، افغانستان نے پہلے مرحلے میں اچھی کرکٹ کھیلی۔ بابر اعظم ورلڈ کلاس بیٹر ہے، دو تین میچز میں ان کے نہ چلنے سے دیگر بیٹنگ لائن اپ میں نئی روح پھونک دی ہے۔ کھلاڑی اچھا کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ اسی پلان کے مطابق چل رہے ہیں، بینچ پر بیٹھے ہوئے کھلاڑی بھی باصلاحیت ہیں اس میں کوئی شک نہیں۔ ویرات کوہلی نے دنیا پر راج کیا ہے، وہ ٹاپ کلاس کھلاڑی ہیں، میں خوش ہوں کہ وہ اچھا کھیل رہے ہیں۔ ہم نے پہلے میچ میں ویرات کوہلی کو آؤٹ بھی کیا۔ وہ کچھ عرصہ تک رنز نہیں کر سکے اب کر رہے ہیں تو اس کی خوشی ہے۔
بابر اعظم کی نمبر ون ٹونٹی بیٹر
کی پوزیشن خطرے میں پڑگئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی نمبر ون ٹوئنٹی بیٹر کی پوزیشن خطرے میں پڑگئی،بابر اعظم کی ایشیا کپ میں لمبی اننگز نہ ہونے کی وجہ سے رینکنگ میں تبدیلی متوقع ہے۔قومی کپتان ایک ہزار سے زائد دنوں سے پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں‘ایشیا کپ میں اب تک 10 , 9 اور 14 رنز کی اننگز کھیلی ہیں۔ بابر اعظم کے 810 ، محمد رضوان کے 796 جبکہ سوریا کمار یادیو کے 792 رینکنگ پوائنٹس ہیں۔ محمد رضوان ایشیا کپ کے 192 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر ہیں۔نمبر ون پوزیشن کیلئے بابر اعظم محمد رضوان اور سوریا کمار یادیو کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کی رینکنگ کا اعلان آج بدھ کیا جائیگا۔
ہمیشہ کم مگر معیاری کام کو ترجیح دی: ریشم
لاہور(کلچرل رپورٹر) اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ کم مگر معیاری کام کو ترجیح دی ہے‘فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ فلم انڈسٹری کی ترقی میرا خواب ہے اجتماعی طور پر میں پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کی خواہشمند ہوں اور اس کیلئے ضروری ہے کہ فلم کے تمام شعبوں میں نئے لوگوں کو مواقع ملنے چاہیے۔
ریشم نے تجویز دی کہ فلم انڈسٹری میں ٹی وی اور سٹیج کے باصلاحیت اداکاروں کو آگے لانا چاہیے تاکہ پاکستان فلم انڈسٹری میں نئے اداکاروں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع مل سکے ۔
ایشیا کپ ضرور جیتنا ہے’’شاہین آفریدی‘حارث رئوف‘نسیم شاہ کی گفتگو وائرل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ا افغانستان کیخلاف میچ سے قبل قومی بائولرز شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کے ورچوئل گفتگو کی گئی جس میں نسیم شاہ نے ساتھی بائولرز کو بائولنگ کے گْر بتائے۔شاہین شاہ آفریدی نے دونوں بائولرز سے محمد رضوان کی خیریت بھی دریافت کی۔شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ دور ہونے کے باوجود آپ لوگ میرے قریب ہو، حارث نے جواب دیا کہ رضوان کافی بہتر ہیں۔ شاہین نے کہا کہ جلد بائولنگ بھی شروع کردوں گا۔ نیوزی لینڈ سیریز میں ضرور ملیں گے، ایشیا کپ ضرور جیتنا ہے۔
حارث رؤف سے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ حارث آپ کو بائولنگ کرتے دیکھ کر اچھا لگا‘ بس آپ آخری اوورز میں یارکرز زیادہ کرو۔نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ شاہین آپ کو ہم سب گراؤنڈ میں مِس کر رہے ہیں، دعا ہے آپ جلد فٹ ہوں۔
زون ای پولو ورلڈ کپ پلے آف :پاکستان‘ بھارت ٹیمیںپرسوں مد مقابل
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کی نیشنل پولو ٹیم بھارت کیخلاف زون ای کے ورلڈکپ کے پلے آف کھیلنے کیلئے جوہانسبرگ پہنچ گئی۔ چار گولر راجہ سمیع اللہ پاکستانی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔میچز جوہانسبرگ میں ہوں گے جس میں پاکستان‘ بھارت پرسوں مد مقابل ہونگے۔ پاکستانی سات ستمبر کو ایسٹ رینڈ پولو کلب میں گھوڑوں کے ٹرائلز لے گی جبکہ بھارت کیخلاف جبکہ دوسرا میچ 11 ستمبر کو ایسٹ رینڈ پولو کلب میں کھیلا جائیگا۔
قبل ازیں لاہور روانگی سے قبل جناح پولو فیلڈ پولو کلب میں کپتان راجہ سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پولو ایسوسی ایشن نے ٹیم پر کافی محنت کی۔ راجہ سمیع نے پوری ٹیم کی طرف سے چیئرمین پاکستان پولو ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی اور سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل ایاز احمد کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی محنت کی بدولت پاکستان پولو ٹیم بھارت کیخلاف میچ کھیلنے جوہانسبرگ پہنچی۔ٹیم کی سپرٹ بہت ہائی ہیں۔ دو کھلاڑی راجہ تیمور ندیم اور احمد علی ٹوانہ انگلینڈ سے ٹیم کو جوہانسبرگ میں جوائن کریں گے۔ امید ہے کہ بھارت کیخلاف ایک اچھا مقابلہ ہوگا اور ٹیم جیت کر آئیگی۔ پوری قوم سے دعاؤں کی اپیل ہے۔
ان کا کہنا تجا کہ ٹیم میں دو انڈر 20 کھلاڑی راجہ میکائل اور راجہ جلال ارسلان بھی شرکت کر رہے ہیں اور تمام ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو کہ پاکستان میں پولو کے مستقبل کیلئے بہت خوش آئند بات ہے۔ تین ریزورز کھلاڑی لیفٹیننٹ کرنل (ر) عمر منہاس، عمران شاہد اور شہزاد احمد بھی ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ اچھے پولو کے میچز اور پاکستان کی جیت کی توقع ہے۔