پیپلز پارٹی‘ مسلم لیگ ن کے فنڈنگ کیسز کے فیصلے جلد کرنے کیلئے فرخ حبیب کی درخواست میں مزید دستاویزات جمع کرانے کیلئے وقت کی استدعا پر سماعت ملتوی
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے پارٹی فنڈنگ کیسز کے فیصلے جلد کرنے سے متعلق درخواست میں وکیل درخواست گزار کی جانب سے مزید دستاویزات جمع کرانے کیلئے وقت کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی۔ تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کی درخواست پر سماعت کے دوران وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اس عدالت کے ڈویژن بینچ نے کہا تھا کہ الیکشن کمشن لیول پلیئنگ فیلڈ دے گا، عدالت نے الیکشن کمشن سے توقع کا اظہار کیا تھا تمام جماعتوں کے کیسز کو ایک نظر سے دیکھے گا، چیف جسٹس نے کہاکہ الیکشن کمشن ایک آئینی ادارہ ہےے۔ وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کہتی ہے ایڈمنسٹریٹو باڈی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی کہہ چکی کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں سلوک کرے، عدالت تمام آئینی اداروں کا احترام کرتی ہے، عدالت الیکشن کمشن کو کیسے ریگولیٹ کرسکتی ہے؟، آپ کو الیکشن کمشن سے کوئی شکایت ہے تو پہلے الیکشن کمشن سے رجوع کریں، الیکشن کمشن کے فیصلے سے پہلے عدالت کیسے حکم جاری کرسکتی ہے؟۔ انور منصور ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہم نے الیکشن کمشن میں تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں سلوک کی درخواست دی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں دی گئی درخواست اور حکم کہاں ہے؟۔ اس موقع پر وکیل نے کہاکہ تھوڑا وقت دے دیں الیکشن کمشن کے کاغذات بھی جمع کرا دیتے ہیں۔
فنڈنگ کیس