کل پاکستان آ کر بڑی اپیل کروں گا: گوتریس سیلابی صورتحال بد ترین ہو سکتی ہے : اقوام متحدہ
نیویارک (شہنوا) اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مزید بارشیں ہوئیں تو سیلابی صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ اقوام متحدہ کی پناہ گزین ادارے نے بیان میں کہا کہ آنے والے مہینوں میں پاکستان میں بارشیں ہوئیں تو سیلابی صورتحال مزید بدترین ہو جائے گی۔ اقوام متحدہ کے ادارے نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں سیلاب متاثرین کی مشکلات بڑھنے اور بے گھر افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹرس نے کہا تھا کہ آج پاکستان ہے تو کل ایسا کسی اور ملک کے ساتھ ہوسکتا ہے اور پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات کے سب سے زیادہ شکار ممالک میں ہوتا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے پر آنکھیں کھولنے کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان کے دوران عالمی برادری سے پاکستان کیلئے بڑے پیمانے پر امداد کی اپیل کروں گا۔ پاکستانی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان جا رہا ہوں۔ اس وقت پاکستان کو عالمی برادری کی جانب سے بڑے پیمانے پر امداد کی ضرورت ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے مطابق سیلاب سے پاکستان میں اب تک تین کروڑ تیس لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔