• news

اینٹی سموگ سکواڈ کا افتتاح  ، بر طانوی ہائی کمشز کی ملا قات ، تعلقات کا فروغ چا ہتے ہیں : پرویز الہی 


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، برطانیہ اور پنجاب حکومت کے درمیان تعلیم، صحت، ٹیکنیکل ایجوکیشن اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور پنجاب حکومت اور برطانیہ کا مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ برطانیہ کے ہائی کمشنر نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ ترقی وخوشحالی کے مضبوط پارٹنر ہیں۔ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے برطانیہ کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ تعلیم، صحت، امن وامان اور دیگر سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ کرسچین ٹرنر نے کہاکہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔ پرویز الٰہی سے مولانا طارق جمیل نے ملاقات کی۔ پرویز الٰہی نے اس موقع پر کہا کہ علماء کرام ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ علماء کرام کی ملک وقوم کے لئے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہیں ۔ علماء کرام نے ہمیشہ اہم موقعوں پر قوم کی رہنمائی کی ہے۔ ہم نے  سرکاری دفاتر، وزیراعلیٰ آفس، گورنر ہاؤس اور دیگر اہم سرکاری مقامات کو آیت مبارکہ سے مزین کر دیا ہے۔  الحمدللہ ہم نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنے میں کامیاب ہوئے جس کی بدولت اب ہماری بچیوں کا مستقبل محفوظ ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مستقبل قریب میں ممکنہ سموگ کے خدشے کے پیش نظر متحرک ہو گئے ہیں۔ پرویز الٰہی نے محکمہ ماحولیات کے اینٹی سموگ سکواڈ کے پائلٹ پراجیکٹ کا افتتاح کیا اور اینٹی سموگ سکواڈ کا معائنہ کیا اور گاڑیوں کے دھویں کی چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ اینٹی سموگ سکواڈ شہر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو باقاعدگی سے چیک کرے گا۔ پرویز الٰہی نے نیوی ڈے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی افواج نے ہمیشہ بہادری کی داستانیں رقم کیں۔ پاک فوج‘ فضائیہ اور بحریہ پر پوری قوم کو ناز ہے۔ وطن عزیز کی سمندری حدود کے دفاع کے لئے پاک بحریہ کے جانبازوں کی داستان شجاعت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ پاک بحریہ نے دشمن کو ناپاک ارادوں سمیت نیست و نابود کیا۔

ای پیپر-دی نیشن