• news

پنجاب حکومت گرانے ، نواز شریف کو واپس لانے کی کو شش ہو رہی ہے: عمران 


چشتیاں‘ بہاولنگر (نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سازشی ٹولہ پنجاب حکومت گرانے کی کوشش کر رہا ہے‘ چوری کے پیسہ سے آفر دیکر لوٹے بنانے کی کوشش ہے۔ جبکہ مسٹر ایکس اور مسٹر وائی بھی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ملک بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے اور کچھ لوگ سازشیں کر رہے ہیں۔ اداروں کو تحریک انصاف سے لڑانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ میں نواز شریف کا انتظار کر رہا ہوں اور اس کا ایسا استقبال ہو گا کہ تاریخ میں ایسا استقبال نہیں ہوا ہو گا۔ چشتیاں کا ضمنی الیکشن انقلاب کا الیکشن ہے۔ انہوں نے میونسپل سٹیڈیم چشتیاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جو مرضی کر لو میں تمہیں چیلنج کرتا ہوں کہ تم شکست کھاؤ گے‘ تم ہارو گے۔ نواز شریف بیٹھ کر آرڈر  کر رہا ہے کس کو جیل میں ڈالو۔ پاکستان کا آرمی چیف کون بنے گا۔ بھگوڑے نے امریکی سازش کے تحت ہماری حکومت گرائی۔ دو لوٹے بہاولنگر اور بہاولپور سے خریدے‘ طاقت ور ڈاکو زرداری‘ نواز شریف‘ چیری بلاسم اور ڈیزل کے پرمٹ بیچنے والا سب سازشی ہیں۔ مجرموں کو ووٹ دینے والی قوم کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔ الیکشن کمشن ان کا پالتو ہے کبھی ایک کیس کبھی دوسرا کیس بنا رہے ہیں۔ لیکن یہ سب ڈرے ہوئے ہیں کہ پاکستان کی باشعور قوم میرے ساتھ کھڑی ہے۔ سازشی لوگوں کی کوشش ہے کہ فوج اور مجھے لڑایا جائے۔ لیکن جتنی بھی کوشش کر لو یہ ملک میرا ہے، یہ فوج میری ہے۔ ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ عدلیہ اور فوج پر تعمیری تنقید کروں۔ جیسے باپ بیٹے کی اصلاح کیلئے کرتا ہے۔ ہم ملکی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش نہیں کرتے اور نہ کسی کو کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں سیلاب زدگان کی امداد کیلئے جو کام کروں گا وہ سب سے زیادہ ہو گا لیکن میں اپنی حقیقی آزادی کی تحریک چلاؤں گا۔ ملک سری لنکا کے حالات کی طرح جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں کسانوں نے اناج پیدا کرنا بند کر دیا تو کتنا نقصان ہو گا۔ سازش کر کے چوروں کو مسلط کیا اور اب کوشش ہو رہی ہے کہ لندن میں موجود بھگوڑے نواز شریف کو واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پر لازم ہے کہ اچھائی کے ساتھ کھڑے ہوں اور ڈاکو سیاستدانوں کے خلاف ووٹ دیں۔ جلسہ سے امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ 241 چشتیاں ملک مظفر خاں نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء چشتیاں میں وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئین‘ قانون کی بالادستی قائم کریں گے‘ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی نہ ہونے سے ہم تباہی کے راستے پر کھڑے ہیں۔ سزا یافتہ نواز شریف ملک کی بڑی بڑی تعیناتیاں کرے گا۔ جبکہ انٹرنیشنل ڈاکو زرداری ہمارے مستقبل کو کیسے ٹھیک کر سکتا ہے۔ جب تک میرے اندر جان ہے سب کا مقابلہ کروں گا۔ اب ظلم و ناانصافی کا نظام نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا وکلاء کمیونٹی میرے ساتھ ہے۔ لا الہ الا اﷲ کا نعرہ آزادی کا ہے۔ 50 سال قبل ملک ترقی کر رہا تھا اور دنیا میں پاکستان کی بڑی عزت تھی۔ صنعتی پیداوار زیادہ تھی لیکن جب ملک کے وسائل پر بڑے ڈاکو قابض ہو گئے تو زوال شروع ہو گیا۔ ہمیں تسلیم نہیں کہ ہمارے فیصلے ڈاکو کریں یا ہمیں باہر سے ڈکٹیشن دی جائے۔ دریں اثناء ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا ہے کہ بس بہت ہو گیا۔ امپورٹڈ حکومت میری تقریروں کا مکمل بلیک آؤٹ کر رہی ہے۔  امپورٹڈ حکومت میرے حقِ آزادی کے پیغام کی حمایت میں اٹھنے والی قوم سے اس قدر خوفزدہ ہے۔ وہ نہ صرف مین سٹریم میڈیا اور یوٹیوب کو بھی بلاک کر کے میری تقریروں کا مکمل بلیک آؤٹ کر رہی ہے۔ آخر میں انہوں نے ’بس بہت ہو گیا‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن