برطانیہ کی ترقی مشن ہے‘ نومنتخب وزیراعظم: کابینہ کا اعلان
لندن (این این آئی) برطانیہ کی نو منتخب وزیراعظم لز ٹرس نے اپنے پہلے خطاب میں کہا برطانیہ کی تعمیرو ترقی ان کے مشن کا حصہ ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم لز ٹرس نے معیشت، توانائی اور ہیلتھ سسٹم کو اپنی تین فوری ترجیحات قرار دیا ہے۔ ٹیکسوں میں کمی اور اصلاحات کے ذریعے معیشت کو فروغ دیا جائے گا۔ ہسپتالوں، سکولوں، سڑکوں اور براڈ بینڈ کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا۔ یوکرائن جنگ سے پیدا ہونے والے توانائی کے بحران سے فوری نمٹا جائے گا۔ وزیراعظم لز ٹرس نے کابینہ کے ارکان کا اعلان کردیا۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھریس کوفی وزیر صحت اور نائب وزیراعظم مقرر کئے گئے ہیں جبکہ کاسی کوارٹنگ چانسلر اور جیمز کلیورلی وزیر خارجہ ہونگے۔ سویلا بریورمین وزیر داخلہ اور وینڈی مورٹن کو چیف وہپ کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ بین ویلس کو وزیر دفاع بنادیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بین ویلس 2019 سے اسی عہدے پر موجود تھے۔
برطانوی کابینہ