حکمران عمران کا راستہ روکنے کیلئے نت نئی سازشیں کر رہے ہیں: اسد عمر
شیخوپورہ‘ شرقپور (نامہ نگار خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے گذشتہ رات حلقہ پی پی 139 کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پارٹی کے نامزد امیدوار میاں ابوبکر شرقپوری کی اقامت گاہ پر ہونے والے اجلاس کے علاوہ منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ جبکہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہاکہ عمران خان نے کرپٹ سیاستدانوں اور کرپٹ نظام کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ ان سیاستدانوںکو سیلاب سے ڈوبتے پاکستان کی نہیں بلکہ اپنی ڈوبتی سیاست کا فکر لاحق ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ عمران خان کا راستہ روکنے کیلئے نت نئی سازشیں کررہے ہیں۔ فوج اور عمران خان کو آمنے سامنے لانے کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ 11ستمبر کو عوام ایک بار پھر عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نواز لیگ کی سیاست کو ووٹ کی طاقت سے دفن کردیں گے۔ عمران خان کی جدوجہد کسی سیاسی پارٹی کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے ہے۔ فیصلہ پاکستان کی عوام کو کرنا ہے۔ جو فیصلہ پاکستان کی عوام کرے گی وہ ہمیں قبول ہے۔ یہ فیصلہ شرقپور اور غازی پور کے لوگوں اور شیخوپورہ کے عوام نے کرنا ہے۔ کوئی امریکہ میں بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے نہیں کرے گا۔ جو فیصلہ باہر سے آئے گا ہم اسے مسترد کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار اسد عمر نے حلقہ پی پی 139 شرقپور شریف کے موضع غازی پور میں سیاسی وسماجی شخصیت چوہدری محمد ندیم گھگ کی طرف سے دی گئی دعوت اور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا عوام الناس نے پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروانے کا وعدہ کرتے ہوئے حلقہ پی پی 139 کی سیٹ عمران خان کو تحفہ میں پیش کرنے کا پختہ عزم کیا۔
اسد عمر