قائمہ کمیٹی کی 664 نابینا افراد کو ڈیلی ویجز پر بھرتی کرنے کی منظوری
لاہور (نیوز رپورٹر) کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امور قانون سازی نے 664 نابینا افراد کو ڈیلی ویجز پر بھرتی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین، صوبائی وزیر پارلیمانی امور، کوآپریٹوز و تحفظ ماحول محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت اجلاس میںکیا گیا۔ اجلاس میں وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں، وزیر مواصلات و تعمیرات علی افضل ساہی، وزیر قانون شہزاد خرم ورک اور متعلقہ سیکرٹری صاحبان بھی شریک ہوئے۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال نے صوبے کے مختلف سرکاری محکموں میں خالی اسامیوں کی تفصیل پیش کی۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے سپیشل افراد کی بھرتی میں لیت و لعل پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہی کی ہدایت کی روشنی میں سپیشل افراد کے 3 فیصد کوٹے پر بھرتی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد اگر محنت کر کے اپنی روزی کمانا چاہتے ہیں تو ہم ان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ انہوں نے گزشتہ اجلاسوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز سپیشل افراد کی بھرتی میں سہولت کار کا کردار ادا کریں تو صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھی جا سکتی ہے۔
نابینا افراد بھرتی