وفاقی وزیر ریلوے سے جاپان اور ایتھوپےا کے وفد کی ملاقاتیں
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر ریلوے سے جاپان اور ایتھوپےا کے وفد نے ملاقاتیں کیں۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے مندوب کا خیرمقدم کرتے ہوئے مختلف باہمی دوطرفہ باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور جاپان کے دیرینہ تعلقات ہیں جو کہ خوشگوار دوستی اور خیر سگالی کی علامت ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی مفادات کے تمام شعبوں بالخصوص ریلوے اور ایوی ایشن میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ جاپانی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری ہمیشہ خوش آئند ہے جس کے لیے ان سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے ا پنے دفتر میں ایتھوپیا کے نامزد سفیر جمال بیکر عبد اللہ کو پاکستان میں ایتھوپیا کے پہلے رہائشی سفیر کے طور پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقاتیں
عمران خان نے اپنے دور میں جھوٹ بولنے کے سوا کچھ نہیں کیا: مصدق ملک
اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے دور میں جھوٹ بولنے کے سوا کچھ نہیں کیا، ملک کو برباد کرنے والے ہی خود کو مسیحا سمجھتے ہیں، جو بھی قانون و آئین توڑے گا پکڑا جائے گا، کسی کو تفتیش کیلئے بلایا جا رہا ہے تو اسے صفائی دینے کیلئے پیش ہونا چاہئے، چار سالوں میں گردشی قرضہ 11سو ارب روپے سے 25سو ارب روپے تک اور بجلی کی قیمت ساڑھے 14روپے سے 24روپے فی یونٹ تک پہنچا گئے، بلین ٹری سونامی کرپشن کا منصوبہ تھا، بجلی کی قیمت کی ری بیسنگ اڑھائی سال پہلے ہو جاتی تو فیول ایڈجسٹمنٹ کی رقم نہ بنتی، موجودہ حکومت فیول ایڈجسٹمنٹ نہ لے کر عوام کو ریلیف دے رہی ہے، سیلاب متاثرین کیلئے 70ارب روپے کی فوری منظوری دی گئی ہے، پچھلے سال کے مقابلہ میں رواں سال موسم سرما میں گیس کی صورتحال بہتر ہو گی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ بدقسمتی یہ ہے کہ ملک کو برباد کرنے والے خود کو مسیحا سمجھتے ہیں۔ 2018 میں بجلی کی پیداواری لاگت 10روپے 40پیسے فی یونٹ تھی جسے پی ٹی آئی نے چار سال میں 15روپے 40پیسے فی یونٹ تک پہنچا دیا، اسی طرح ہمارے دور میں بجلی کی فی یونٹ قیمت 14روپے 50پیسے تھی جسے سابق دور میں 23سے 24 روپے فی یونٹ تک پہنچا دیا۔
مصدق ملک
سیلاب زدہ علاقوں میں بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے: احسن اقبال
اسلام آ باد (آئی این پی ) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے،سیلابی صورتحال سے ملک کو درپیش چیلنجز کا ملکر مقابلہ کرینگے،پاکستان میں مزید بارشوں اور سیلاب کا خدشہ، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا،عوام کو امدادی کیمپس سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی جائیں ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت این ایف آر سی سی کا اجلاس ہوا جس میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے اور نیشنل کوآرڈینیٹر این ایف آر سی سی بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلابی صورتحال سے ملک کو درپیش چیلنجز کا ملکر مقابلہ کریں گے، پوری قوم آفت کا مقابلہ کرنے کے لئے کمر بستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے، صحت کی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور بیماریوں سے بچا کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ متاثرین کی بحالی اور سیلابی صورتحال سے ہونے والے نقصان کی تلافی کے لئے سروے تیز کیے جائیں، صحیح اعداد و شمار ڈیش بورڈ کے ذریعے ممد و معاون ثابت ہوں گے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ این جی اوز اور آئی این جی اوز کو امدادی کارروائیوں میں شامل کرنے کے لئے متحرک کیا جائے، عوام کو امدادی کیمپس سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی جائیں، ڈیمز اور دیگر آبی وسائل میں پانی کی سطح پر نظر رکھی جائے ۔ پاکستان میں آنے والے مہینوں میں مزید بارش کی توقع ہے جب کہ اقوام متحدہ نے متوقع بارشوں سے ابتر سیلابی حالات بدترین ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آئندہ مہینوں میں مزید بارشیں ہونے کے امکانات ہیں۔ رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرین کے حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔ مزید بارشیں لاکھوں سیلاب متاثرین کی مشکلات بڑھا دیں گی۔ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کا ادارہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے تباہ ہونے والے علاقوں میں مقامی کمیونٹیز اور پناہ گزینوں کی مدد کے لیے اپنی مدد کو بڑھاتے ہوئے وسائل اور عملے کو متحرک کر رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کو اس صورت حال میں جس قدر تباہی کا سامنا ہے اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، بہت سے لوگ کھلے آسمان تلے رہ رہے ہیں۔
احسن اقبال