عالمی منڈی میں 50 فیصد کمی کے باوجود خوردنی تیل سستا نہ ہو سکا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت میں 50 فیصد تک کمی کے باوجود مقامی سطح پر خوردنی تیل کی قیمت کم نہ ہوسکی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل 3541 ملائیشین رنگٹ کی سطح پر آگیا۔ پام آئل کی قیمت اپریل کے اختتام پر 7200ملائیشین رنگٹ سے تجاوز کرگئی تھیں۔ 6 ماہ کے دوران پام آئل کی قیمت 50فیصد تک کم ہوگئی۔ اپریل میں ملائیشن پام آئل 1600ڈالر فی ٹن کی سطح پر رہا جبکہ ستمبر کے پہلے ہفتہ میں قیمت 786ڈالر فی ٹن کی سطح پر آگئی۔ معروف برانڈز خوردنی تیل 550روپے لیٹر سے زائد پر فروخت کررہی ہیں اور دوسرے درجہ کی برانڈز کا خوردنی تیل 450 روپے لیٹر تک پر فروخت کیا جارہا ہے۔ صارفین نے مطالبہ کیا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں کمی کے اثرات مقامی ریٹیل مارکیٹ تک منتقل کیے جائیں۔ صارفین کے مطابق بناسپتی گھی، تیل بنانے والی کمپنیوں نے انٹرنیشنل مارکیٹ میں پام آئل مہنگا ہونے کو جواز بنا کر قیمتوں میں اضافہ کیا اور اب پام آئل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ صارفین کو منتقل نہیں کیا جارہا۔