لاپتہ افراد کیس ، شہباز شریف آج اسلام آباد ہائیکورٹ پیش ہونگے
اسلام آباد؍ کوئٹہ (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیسز پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آج اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیراعظم کی آمد سے قبل سکیورٹی انتظامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ وزیراعظم صبح ساڑھے نو بجے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے پیش ہوں گے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے خواتین کا پچاس روز سے جاری دھرنا ختم کر دیا گیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے تصدیق کرتے کہا لاپتہ افراد کے اہلخانہ نے دھرنا ختم کر دیا ہے۔ لاپتہ افراد کے حوالے سے معاملہ جلد حل کر لیں گے۔ لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو کہا ہے کابینہ کمیٹی برائے لاپتہ افراد میں شرکت کریں۔ اپنی بیٹیوں اور ماؤں کے شکر گزار ہیں جو پچاس روز سے سڑک پر بیٹھی تھیں۔ ان کا شکریہ انہوں نے ہماری کوششوں پر اعتماد کیا۔ نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ لاپتہ افراد، سیلاب کی صورتحال اور متاثرین سے متعلق بات چیت کی گئی۔