احساس راشن پروگرام ، مستحق خاندان آٹا ، گھی ،دالیں 40 فیصد سستی خرید سکیں گے : پرویز الہی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے پنجاب احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں احساس پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت فی خاندان ماہانہ سبسڈی میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت مستحق خاندان آٹا، گھی اور دالیں مارکیٹ سے 40فیصد سستی خرید سکیں گے۔ پرویز الٰہی نے احساس راشن رعایت پروگرام کا اجراء جلد کرنے کی ہدایت کی۔ محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر انتظام چلنے والے فلاحی اداروں میں رہائش پذیر بچوں، بچیوں اور بزرگوں کیلئے کھانے کی فی کس رقم دوگنا کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور کھانے کے معیار و مقدار کو بہتر بنانے کیلئے فلاحی اداروں میں رہائش پذیر افراد کیلئے کھانے کی فی کس رقم میں اضافہ کیا ہے اورکھانے کی فی کس رقم میں اضافے سے ایسے افراد کو معیاری اور وافر کھانا مل سکے گا۔ احساس بل پنجاب اسمبلی میں جلد پیش کیا جائے گا۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے فلاحی منصوبے متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب احساس پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب میں خواتین کیلئے ویلفیئر پراجیکٹس شروع کئے جائیں گے۔ Stunting سے بچاؤ کے لئے حاملہ خواتین کو وظائف دئیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے سپیشل سرکاری ملازمین کے لئے نئی ہاؤسنگ پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سپیشل سرکاری ملازمین کے لئے ہاؤسنگ الاٹمنٹ پالیسی کے تحت5فیصد ہارڈ شپ کوٹہ مختص کیاجائے گا جبکہ سپیشل افراد کے لئے پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن میں بھی کوٹہ متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سپیشل افراد کو سبسڈی دینے کے لئے 50کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے۔ پرویز الٰہی نے بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے احسن اقدام کرتے ہوئے دیگر صوبوں کے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ پرویزالٰہی نے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے میڈیکل ریلیف مشن کو پنجاب سے روانہ کردیا ہے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ 296ڈاکٹرز، نرسز اور ڈسپنسرز جذبہ خیرسگالی کے تحت سندھ و بلوچستان بھیجے جا رہے ہیں جبکہ محکمہ صحت پنجاب سیلاب زدگان کیلئے ادویات کے 9 ٹرک بھی بھیج رہا ہے۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کی طرف سے میڈیکل سپشلسٹ، نرسز اور ڈسپنسرز متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگائیں گے اور سیلاب متاثرین کو خشک راشن بھی دیا جائے گا۔ پرویز الٰہی سے چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب مخدوم طارق محمود الحسن نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے مخدوم طارق محمودالحسن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔ عمران خان کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا لیکن افسوس کہ موجودہ وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں ووٹ کا حق چھین لیا اور ووٹ کا حق واپس لے کر سمندر پار پاکستانیوں کو ان کے جائز حق سے محروم کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے فیصل آباد بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ خواندگی کے عالمی دن پر پیغام میں پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پنجاب میں 20 سال قبل لٹریسی ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا اعزاز مجھے عطا کیا۔ لٹریسی جیسے اہم محکمے کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا لیکن اب ہم اس پر پوری توجہ دیں گے۔ میرے سابقہ دور کے پنجاب ایجوکیشن سیکٹر ریفارمز پروگرام کو ملکی اور بین الاقوامی ہر فورم پر سراہا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی نے برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور شاہی خاندان، برطانوی عوام سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے کہا ملکہ کے انتقال سے دنیا انسانیت سے محبت کرنے والی شفیق شخصیت سے محروم ہو گئی۔