• news

عمران پاکستان کیلئے سکیورٹی رسک بن گئے: کیپٹن (ر) صفدر


ننکانہ صاحب (نامہ نگار) مسلم لیگ( ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ عمران خان اسلامی جمہوریہ پاکستان کیلئے سکیورٹی رسک بن گیا ہے، عمران خان کا ایجنڈا فوج نہیں بلکہ ریاست اور آئین کے خلاف ہے۔  2018ء میں عمران خان ملک کے خلاف سازش کا ایک ایجنڈا لے کر آیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاد باغ کالونی ننکانہ صاحب میں ضمنی الیکشن این اے 118کے سلسلہ میں حکیم  اکرم، ڈاکٹر عادل سپرا،  آصف اور اہل علاقہ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک کارنر میٹنگ کے موقع پر خطاب میں کیا۔ میٹنگ میں ڈاکٹر شذرہ منصب علی خاں، صدر پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن رائے شاہجہان احمد خاں بھٹی، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) رانا محمد ارشد اور ایم پی اے مہر کاشف رنگ الٰہی پڈھیار، صدر مسلم لیگ (ن) لائرز فورم رائے معمر قذافی، سابق کونسلر حاجی محمد نواز اکمل سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پا ک فوج کو بدنام کیا جا رہا ہے۔ عمران خان نے گذشتہ چار سالوں میں ملک کا بیڑہ غرق کیا اس نے ملک کی معیشت، اداروں، سیاسی روایات اور اخلاقیات کو تباہ کیا۔ نوجوان بچوں کو بے راہروی کی طرف لے جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن