عمران کا بیانیہ جھوٹ ، پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے ، نواز شریف
لاہور (نیوز رپورٹر) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ان شاء اللہ مشکلات سے نکالیں گے۔ عمران خان کا بیانیہ غلط اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔ پارٹی ورکرز، پارٹی کا سرمایہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے لندن میں میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان کے سیاسی اور معاشی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان کو موجودہ مشکلات سے مسلم لیگ نون ہی نکالے گی۔ میاں نواز شریف نے ملک کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔ ملک محمد رفیق رجوانہ نے ملک کے پارٹی ورکرز کا سلام انہیں پہنچایا جس پر میاں نواز شریف نے کہا کہ تمام پارٹی ورکرز اور بالخصوص ملتان کے ورکرز ہمارا سرمایہ ہیں۔ میاں نواز شریف نے خصوصی طور پر آصف رجوانہ کے متعلق دریافت کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ میاں نواز شریف ان شاء اللہ جلد پاکستان آئیں گے۔