اسلام ، وطن کیلئے لڑنا ایمانی فریضہ ہے:مولانا امجد خان
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علما اسلام کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہا ہے کہ اسلام اور وطن کیلئے لڑنا ہمارا ایمانی فریضہ ہے۔ قوم کا بچہ بچہ عقیدہ ختم نبوت اور وطن عزیز کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔ یوم دفاع پاکستان ہمیں ان عظیم اور لازوال قربانیوں کی یاددلاتاہے۔ 6ستمبر کوانڈیا کے عزائم پاک فوج کے جوانوں نے خاک میںملائے اور7ستمبر کوختم نبوت کے باغیوں کے خلاف عاشقان مصطفی نے عظیم کا میابی حاصل کی۔ آج پھر وطن عزیز اور عقیدہ ختم نبوت کی عزت پر سب کچھ قربان کر دینے کے عہد کوتازہ کرنے کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں مریدکے میں جتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک وقوم کے روشن مستقبل کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ وطن عزیز اس وقت مشکل حالات میں ہے۔ سیلاب سے متاثرہ افراد بے یارومددگار بیٹھے ہیں۔ اس مشکل وقت میں تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ہنگامی بنیادوں پر متاثرین کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ اگر وقت پر متاثرین کی بحالی کیلئے ایک قوم بن کر سامنے نہ آئے تو سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی مرض بڑھ جائیں گے۔مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت اور ملک کے خلاف سازشوں کا مقابلہ کرنا پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔جے یو آئی کا ہر کارکن وطن عزیز کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیارہے فر ض کی ادئیگی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔