کرونا ، مزید 4افراد جاں بحق ، 160نئے مریض ، 98کی حالت تشویشناک
اسلام آباد؍ بیجنگ (نا مہ نگار+ شنہوا) ملک بھر میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 4مریض انتقال کر گئے۔این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وبا سے متاثر مزید4مریض انتقال کر گئے جبکہ 98مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ 15ہزار 554افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 160افراد کے نتائج مثبت ریکارڈ ہوئے۔ جب کہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.03فی صد ریکارڈ ہوئی جبکہ دنیا بھرمیں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 60 کروڑ74 لاکھ 53 ہزار 554 ہوگئی۔امریکہ 9 کروڑ51 لاکھ 18 ہزار 482 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست بھارت 4 کروڑ44 لاکھ 84 ہزار 729 مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اور فرانس 3 کروڑ 48 لاکھ 79 ہزار 822 مصدقہ کیسز کے ساتھ تیسرے نمبرپر ہے۔