مفتاح اسماعیل نے ناقص کارکردگی میں اسحاق ڈار کو بھی پچھاڑ دیا: عمر چیمہ
لاہور (نیوز رپورٹر) مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے معاشی ماہرین کے نت نئے معاشی تجربے قوم کو نقصان کے سوا کچھ نہیں دے سکے۔ عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ عشروں اقتدار میں رہنے والوں کے ذاتی کاروبار عروج پر جبکہ دوسری جانب ملکی معیشت روز افزوں زوال کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے دور اقتدار کے مقابلے میں آج ڈالر نسبتاً 50 روپے مہنگا ہونے سے ملکی قرضوں کے حجم میں ساڑھے آٹھ ہزار فیصد اور مہنگائی میں 45 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ معاشی بددیانتی کے باعث شرح سود میں تاریخی اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر گزشتہ تین سال میں کم ترین سطح پر ہیں۔ عمر سرفراز چیمہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل نے ناقص معاشی کارکردگی میں اسحاق ڈار کو بھی پچھاڑ دیا۔