• news

قوموں کی ترقی تعلیم کے ساتھ جڑی ہے: گورنر پنجاب


لاہور+ جھنگ (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے  یونیورسٹی آف جھنگ میں کالج آف آرٹس اینڈ سائنس کی بلڈنگ کا افتتاح کیا۔ محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ قوموں کی ترقی تعلیم کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف جھنگ ضلع میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ ایک تاریخی ضلع ہے جس نے نامور شخصیات کو جنم دیا ہے۔ یونیورسٹی کو نئے آئیڈیا سے لیکر عملی شکل میں پہنچانے تک جس نے جو کردار ادا کیا ہے ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر پنجاب ہائر ایجو کیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد منیر، یونیورسٹی آف جھنگ کی وائس چانسلر ڈاکٹر نبیلہ رحمن، وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر شاہد کمال، ممبر سینڈیکیٹ و ممبر صوبائی اسمبلی مولانا معاویہ اعظم طارق، سابق ممبران صوبائی اسمبلی مہر اسلم بھروآنہ، فیصل حیات جبوآنہ، سلطان سکندر بھروآنہ، فیکلٹی ممبران، طالبات اور معززین شہر بڑی تعداد میں موجود تھے۔ گورنرنے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال آج کی دنیا میں گیم چینجر ہے۔ پنجاب کی تمام جامعات میں سائنس اور ٹیکنالوجی کا بھر پور استعمال کر کے سٹوڈنٹس ترقی یافتہ قوموں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ یونیورسٹی آف جھنگ کی وائس چانسلر ڈاکٹر نبیلہ رحمن نے اپنے سپاسنامے میں کہا کہ یونیورسٹی آف جھنگ کے لئے 20بسیں فراہم کی جائیں جبکہ دور دراز کے علاقوں سے آنے والی طالبات کے لئے ہاسٹل کے قیام کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں۔ جس پر گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے یونیورسٹی آف جھنگ کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ بعد ازاں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے معروف کاروباری شخصیت شیخ وحید کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن