فیصل آباد: پائپ لائن میں دھماکہ، سوئی گیس کے 2 ملازم جل کر خاکستر
لاہور‘فیصل آباد(سٹاف رپورٹر‘نمائندہ خصوصی) فیصل آباد کے انڈسٹریل ایریا میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کے دو ملازمین گیس پائپ لائن پر کام کرتے ہوئے اچانک ہونے والے دھماکے اور آگ بھڑکنے سے جل کر خاکستر ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز سمال سٹیٹ انڈسٹریل ایریا میں واقع آفتاب ٹیکسٹائل ملز میں اچانک دھماکہ ہوا ریسیکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں فیکٹری کے پاس سوئی ناردرن گیس کمپنی کی پائپ لائن میں دھماکہ ہوا ہے اور ساتھ ہی آگ کے شعلے اٹھنے لگے ۔ محکمہ کی طرف سے گیس بند نہ کئے جانے وجہ سے آگ پر قابو پانا ممکن نہ رہا ۔ کافی دیر کی کوشش کے بعد ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پایا اور گیس پائپ لائن کے قریب کھدائی کرکے پائپ لائن سے دو سوختہ لاشیں نکالیں۔ جن کے بارے میں سامنے آیا کہ وہ سوئی گیس کمپنی کے ملازمین 30 سالہ رافع اور 40سالہ علیم ہیں۔ دونوں کی سوختہ لاشیں الائیڈ ہسپتال پہنچا دی گئیں جہاں طبی ملاحظہ کے بعد ورثا کے حوالے کی گئیں۔ غفلت کا مرتکب پائے جانے جی ایم سوئی ناردرن گیس فیصل آباد مسرور خان لغاری کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور انہیں فوری ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدائت کی گئی ہے ان کی جگہ نوید اشرف کو جی ایم فیصل آباد لگایا گیا ہے۔