• news

پی ٹی آئی ایم این اے شکور شاد کی پارٹی رکنیت معطل‘ شوکاز جاری

 کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی شکور شاد کی جانب سے عدالت کے ذریعے اپنی نشست معطل ہونے کا نوٹیفکیشن ختم کروانے پر تحریک انصاف نے ان کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا ہے۔پی ٹی آئی سندھ کی قیادت کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سات دن کے اندر جواب دے کر بتائیں کہ آپ کی رکنیت کیوں بحال کی جائے؟ شوکاز نوٹس کے مطابق حلقہ این اے 246 سے پارٹی چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہو چکے ہیں، لہٰذا اس حلقے سے بطور کورنگ امیدوار آپ کی نامزدگی بھی واپس لی جاتی ہے۔شکور شاد کو شوکاز نوٹس تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی اور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عمران اسماعیل کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ شکور شاد نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا کہ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے نام کوئی استعفا بھیجا اور نہ ہی اس پر میرے دستخط ہیں۔ لہٰذا میرا استعفا منظور ہونے اور قومی اسمبلی کی نشست خالی ہونے (دونوں کے) نوٹیفکیشن معطل کیے جائیں۔بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے شکور شاد کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ان کی رکنیت معطلی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے انہیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دی تھی۔ بعد ازاں شکور شاد کے اس عمل کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے کی بنیاد پر رکنیت معطل کرتے ہوئے سات دن کے اندر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن