سٹیٹ بنک کازائد ریٹ پر ڈالر فروخت کرنے پر 8بینکوں کو شو کاز نوٹس
لاہور(کامرس رپورٹر )سٹیٹ بنک نے انٹر بنک ریٹ سے زائد ریٹ پر ڈالر فروخت کرنے پر آٹھ بینکوں کو شو کاز نوٹس جاری کئے ہیں۔ اس امر کا اظہار ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے زوم پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے کاروباری برادری کے ساتھ اجلاس کے موقع پر کیا ۔ ڈاکٹر عنایت حسین نے کہا ان بینکوں کو وضاحت کا موقع دیا جائیگا پھر ان کو معمولی جرمانہ عائد کیا جائیگا جس کے بعد ہمارا منصوبہ ہے ان کیخلاف مناسب ایکشن لیں گے۔ گزشتہ روز بھی ہم نے بینکوں کے ذمہ داران کو طلب کیا تھا اور ان کو بتایا ان کی ماضی کی ڈیلنگ پر تو ہم انفورسٹمنٹ ایکشن لے رہے ہیں لیکن ان کو واضح کیا اس طرح کی اور بھی ڈیلنگ دیکھیں تو ان کیخلاف مزید سخت ایکشن ہوگا۔ انہوں نے کہا بینکوں کی میجر ٹرانزیکشن کا دو سے تین ماہ کا آڈٹ کیا ہے اور اس میں ایسا لگا انہوں نے ڈالر کی زائد قیمت چارج کی ہے تو ان کیخلاف اب ہم ایکشن بھی لیں گے اور جرمانے بھی عائد کریں گے۔