• news

دہشتگردی مقدمہ‘ عمران جے آئی ٹی میں پھر نہ آئے‘ آج کیلئے آخری نوٹس 


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان تھانہ مارگلہ میں درج دہشتگردی کے مقدمہ میں ہفتہ کے روز بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے، جس کے بعد انہیں گیارہ ستمبر کو طلبی کا آخری نوٹس بھی جاری کر دیا گیا، جس میں ایس پی راجہ طاہر حسین نے کہا ہے کہ آپ کی عبوری ضمانت 12 ستمبر تک ہے۔ اس لئے کل اپنا بیان ریکارڈ کرائیں، قبل ازیں انہیں گذشتہ روز مارگلہ میں جے آئی ٹی نے سہہ پہر تین بجے پیش ہوکراپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لئے وقت مقرر کیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئے، جس کے بعد انہیں ہفتہ 10 ستمبر کو شام پانچ بجے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کا دوسرا نوٹس دیا گیا  لیکن وہ مقررہ وقت پر بیان ریکارڈ کرانے نہ آئے۔ عمران خان کے خلاف 20 اگست کی رات ایف نائن پارک میں ڈاکٹر شہباز گل پر مبینہ جسمانی تشدد کے خلاف احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی عدالت کی جج صاحبہ، آئی جی اور ڈی آئی جی پولیس کے خلاف دھمکی کی زبان استعمال کرنے پر تھانہ مارگلہ نے دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7ATA کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن