• news

قائداعظم کا یوم وفات آج‘ متاثرین کی مکمل بحالی کا عہد کرتے ہیں: صدر علوی 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 74 واں یوم وفات آج 11 ستمبر اتوار منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں سرگودھا سمیت ملک بھر کی مختلف تنظیموں اور سرکاری سطح پر قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اخبارات یوم وفات پر خصوصی ایڈیشنز بھی شائع کریں گے۔ دن کا  آغاز قائداعظم محمد علی جناح کی روح کے ایصال ثواب کیلئے مساجد میں دعائوں کے ساتھ کیا جائے گا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا  کہ ہم بحیثیت قوم ایک بار پھر عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک مثالی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں پر عمل کریں گے، جہاں مساوات، آزادی کے اسلامی اصول ہیں۔ انصاف اور جمہوریت کو برقرار رکھنا ہے۔ آج کے  دن ہم پاکستان بھر میں گلوبل وارمنگ کی وجہ سے سپر فلڈ کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کی مکمل بحالی تک اپنے وسائل اور کوششوں کا عہد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح کے 74ویں یوم وفات پر ہم بانی پاکستان کو برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن حاصل کرنے کے لئے ان کے وژن، غیر متزلزل عزم، انتھک محنت اور کرشماتی قیادت کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج ایک بار پھر سیلاب کی شکل میں ارضِ وطن کو ایک چیلینج کا سامنا ہے۔ قوم کو ہر مشکل امتحان سے نکلنے کے لیے بابائے قوم کی پیروی کرنا ہوگی۔ جو ہمیشہ ہر مشکل کے سامنے سینہ سپر رہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے 74 ویں یومِ وفات کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے بانیِ پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیامِ پاکستان جیسا عظیم کارنامہ بابائے قوم کی جمہوری جدوجہد، بے مثل سیاسی بصیرت، مضبوط قوتِ ارادی اور دیانتداری کا نتیجہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن