• news

الیکشن فی الحال ممکن نہیں‘ اگلے سال کے شروع یا وسط میں ہونا ہیں: رانا ثناء

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ عام انتخابات 2023ء کے شروع یا درمیان میں ہونے ہیں۔ سیلاب کے باعث جو حالات ہیں عام انتخابات فی الحال تو نہیں ہو سکتے، ہم مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک شاید کسی حادثے سے دوچار ہو جاتا۔ پی ٹی آئی کے استعفوں کے سوال پر کہا کہ اگر رکن کہے کہ استعفے پر میں نے دستخط کئے ہیں تو سپیکر استعفیٰ قبول کر سکتے ہیں جو استعفے سپیکر کے پاس زیرغور ہیں وہ ان پر کچھ بھی فیصلہ کر سکتے ہیں۔ دریں اثناء رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کی ملاقات، ملاقات میں بیرون ممالک میں قید پاکستانیوں کے معاملے اور زائرین کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیر داخلہ کی وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی، وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہا کہ بیرون ملک قید پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے وزارت داخلہ و وزارت سمندر پار پاکستانیز حکمت عملی تیار کریں گے۔ معمولی جرائم میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن