فائنل میں ٹف کرکٹ ہوگی بابر اعظم مقابلہ کے منتظر ہیں داسن شناکا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہر کھلاڑی آگے بڑھ کر اپنی ذمہ داری نبھارہا ہے۔ ایشیا کپ میں افغانستان کیخلاف کھیلے گئے میچ کی ہم ایسی توقع نہیں کر رہے تھے۔ اب تک کافی اچھے میچز ہوئے ہیں۔ مختلف کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ خوش قسمت کپتان ہوں کہ ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں اور فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ سری لنکا کیخلاف فائنل میں اچھی اور ٹف کرکٹ ہوگی۔ ٹاس اب تک بہت اہم رہا ہے، دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنیوالی ٹیمیں جیت رہی ہیں۔ دبئی میں موسم ایسا ہے کہ اوس کا کردار بھی ہوتا ہے۔ ہمیشہ کہتا ہوں کہ اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے ہر وقت اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں۔سری لنکن کپتان داسن شناکا نے کہا کہ اب تک ایشیا کپ بہترین رہا ہے، فائنل مقابلہ کے منتظر ہیں۔ پاکستان کیخلاف فائنل کیلئے پْرجوش ہیں، پاکستان بہت اچھی ٹیم ہے۔ نظریں فائنل پر مرکوز ہیں۔ فائنل میں اچھی کارکردگی دکھا کر پاکستان ٹیم کو ٹف ٹائم دیں گے اور ٹرافی جیتنے کی کوشش کرینگے ۔