سیٹلائٹ تصاویر بتاتی ہیں پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب آ چکا ہے، 20 ملین ڈالر کی اضافی امدادی رقم کا اعلان کرتی ہوں: سمانتھا
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی اپیل پر امریکا نے پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے 20 ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ اضافی رقم امداد نہیں بلکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی ایک کڑی ہے۔ اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سمانتھا پاور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث اب تک کم و بیش 12ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ سیٹلائٹ تصاویر بتاتی ہیں کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب آچکا ہے۔ پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کیلئے یو ایس ایڈ کی طرف سے 20 ملین ڈالرز کی اضافی امدادی رقم کا اعلان کرتی ہوں۔ اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے امریکا کی جانب سے اس اضافی امداد سے قبل پاکستان کو سیلاب زدگان کی مدد کیلئے اب تک 30 ملین ڈالر کی امداد دی جا چکی ہے۔ یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر اور امریکی سفیر نے بتایا کہ انہوں نے متاثرین کی امداد کیلئے فراہم کی جانے والی ہنگامی امدادی اشیاءکا فضائی معائنہ بھی کیا ہے۔
یو ایس ایڈ