ممنوعہ فنڈنگ کیس میں طارق شفیع پیش، سیکرٹری جنرل دیگر رہنما بھی طلب
لاہور (نیوز رپورٹر) پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں طارق شفیع ایف آئی اے لاہور میںگزشتہ روز پیش ہوئے۔ جہاں انہوں نے ایف آئی کے بھجوائے گئے سوالات کے جوابات پیش ہو کر جمع کر وا دئیے۔ طارق شفیع نے بیشتر سوالوں کے جواب ہاں یا ناں میں دئیے ہیں۔ کسی بھی سوال کا تفصیلی جواب جمع نہیں کروایا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے ٹیم جمع کروائے گئے جوابات سے مطمئن نظر نہیں آئی۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے کی ٹیم نے طارق شفیع کو اگلے ہفتے دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ طارق شفیع کو ایف آئی اے کی ٹیم نے گزشتہ ہفتے سوال نامہ دے کر جواب سات روز میں جمع کروانے کی ہدایت کی تھی۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری اور جوائنٹ سیکرٹری کو طلب کر لیا۔ ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل عامر کیانی اور پی ٹی آئی کے جوائنٹ سیکرٹری کرنل (ر) یونس کو 12 ستمبر کو طلب کیا ہے۔ ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے سینیئر نائب صدر ارشد داد اور پی ٹی آئی کے فنانس ایڈوائزر سراج احمد کو 14ستمبر کو طلب کیا ہے۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس