سرحد پر پھنسے 5 ہزار پاکستانیوں کو عراق داخلہ کی اجازت
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کی درخواست پر عراقی ہم منصب نے ایران عراق سرحد پر میں پھنسے ہوئے 5ہزار سے زائد پاکستانی زائرین کو فوری عراق داخلے کی اجازت دیدی۔ اربعین کے لئے خصوصی ویزا پرمٹ جاری کرنے سمیت دیگر مسائل کے پائیدار حل کے لئے پاک عراق مشترکہ کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اتوار کو وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنے عراقی ہم منصب عثمان علی فرہودہ سے ٹیلیفونک رابطہ قائم کیا۔ 40 منٹ پر محیط گفتگو میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے پاکستانی زائرین کو ویزا اجرا میں تاخیر، ویزا تعداد میں اضافہ اور پاکستانی زائرین کو عراق داخلے میں درپیش مشکلات کے حوالے سے بات چیت کی ۔ انہوں نے ایران عراق سرحد پر پھنسے پانچ ہزار پاکستانی زائرین کو عراق داخل ہونے کی اجازت دینے، چہلم حضرت امام حسینؓ کیلئے عراق جانے کے خواہشمند زائرین کو خصوصی ویزا اجرا اور عراق میں براستہ ایران داخل ہونے والے پاکستانی زائرین کیلئے ایران، عراق سرحد مستقل طور پر کھولنے کی درخواست کی۔ عراقی وزیر داخلہ عثمان علی فرہودہ نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی تمام تجاویز کا خیرمقدم کیا اور مطالبات کی فوری منظوری اور ان پر بلاتاخیر عملدآمد کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی درخواست پر عراقی ہم منصب عثمان علی فرہودہ کا پاکستانی زائرین کیلئے تمام انٹری پوائنٹس کھولنے، عراقی سفارتخانے میں زیرالتوا پاکستانی زائیرین کی تمام ویزا درخواستوں پر فی الفورعملدرآمد اورعراقی وزیر داخلہ کا چہلم امام حسین کیلئے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کیلئے بھی خصوصی ویزاسہولت دینے کا اعلان کیا ۔ اس ٹیلی فونک رابطے میں پاکستان سے عراق جانے والے خواہشمندزائرین کیلئے ویزوں کی تعداد میں اضافے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ دونوں وزراء داخلہ نے پاکستان، عراق تعلقات کے فروغ اور داخلہ وزارتوں کے درمیان کوارڈینیشن بہتر بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے عراقی وزیر داخلہ عثمان علی فرہودہ کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی۔ عراقی وزیر داخلہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور دعوت قبول کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا شکریہ ادا کیا۔