صدربین الپارلیمانی یونین کی آمد‘ خیبر پی کے کا دورہ‘ صدر‘ وزیراعظم سے بھی ملیں گے
اسلام آباد (خبر نگار) بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوآرتے پاشیکو اپنے تین روزہ دورے پر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے۔ صدر آئی پی یو دوآرتے پاشیکو چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ صدر آئی پی یو کی تین روزہ دورہ کے دوران صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی‘ وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی‘ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف و دیگر سے اعلیٰ سطح ملاقاتیں متوقع ہیں۔ قوم اسمبلی کے زیراہتمام بین الپارلیمانی یونین کے تیسرے ریجنل سیمینار کی افتتاحی تقریب میں بھی صدر آئی پی یو شرکت کریں گے۔ اور صادق سنجرانی کی دعوت پر پاکستان کا تین روزہ دورہ کرنے والے بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوآرتے پاشیکو نے تخت بائی صوبہ خیبر پی کے کا دورہ کیا اور وہاں موجودہ قدیم تہذیب و تمدن کے آثار قدیمہ کا نظارہ کیا اور پاکستان کی خوبصورتی کی تعریف کی۔ صدر آئی پی یو نے بدھ سٹوپا کو بھی دیکھا۔ صدر آئی پی یو نے وہاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ پاکستان دنیا کے خوبصورت ممالک میں سے ایک خوبصورت ملک ہے۔ کسی بھی ملک میں آثار قدیمہ بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ اس سے ہمیں اس ملک کی تاریخ اور ثقافت کے بارے میں معلومات ملتی ہیں۔