• news

امداد کی تقیسم شفاف ہونی چاہئے ، چھوٹے کاشتکاروں کو مفت سولر بجلی دیں گے : پرویز الٰہی 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے سیلاب متاثرین کو ملنے والی امداد شفاف طریقے سے تقسیم کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمینداروں اور چھوٹے کاشت کاروں کو مفت سولر بجلی دیں گے۔ لاہور پریس کلب کے ایف بلاک کے صحافیوں کو لیٹر دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے پنجاب میں صحافیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی سطح پر پریس کلب بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے علاج کے لیے بھی سہولیات دیں گے، جو بھی پریس کلب کے رکن ہیں، ان کے لیے آپریشن مفت کریں گے، عمران خان کی صحت کارڈ سکیم بھی صحیح جارہی ہے اور فوری طور پر علاج شروع ہوگا اور ہسپتالوں کو لکھ کر دیں گے۔ سیلاب متاثرین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جو ٹیلی تھون کی تھی اس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ڈھائی ارب روپے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے طے کیا ہے کہ جو ایپ بنائی گئی ہے اس میں بے گھر اور غریبوں کو 40 فیصد رعایت ملے گی، ہر زمیندار اور چھوٹے کاشت کار کو سولر پینل دینے کی ہدایت کی ہے کیونکہ شہباز شریف اور مفتاح اسمٰعیل کی کوششوں سے یہاں بجلی ٹھیک تو ہونی نہیں، اس لیے ان لوگوں کو سولر پینل مفت دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ امداد کی تقسیم کا عمل شفاف ہونا چاہیے، صرف باہر سے ڈالر آئیں تو شفافیت پر توجہ نہیں دینی چاہیے بلکہ مقامی سطح پر خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے کہا کہ فکر نہ کریں ایک ایک پیسہ صحیح لگے گا تو کیا اس کا مطلب ہے کہ تم پیسے کھاتے رہے ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل طریقے سے شہباز شریف جیسے مانگتے ہیں کوئی نہیں مانگ سکتا اور جو کچھ تقسیم ہوگا اس کے حوالے سے پریشان نہیں ہونا چاہیے کیونکہ وہاں مقامی انتظامیہ ہوگی، پھر حکومتی اراکین قومی اسمبلی اور ہمارے اراکین صوبائی اسمبلی بھی موجود ہوں گے، جو ایک دوسرے پر کڑی نظر رکھتے ہیں۔ سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری محمد افضل ساہی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی جلد بحالی کیلئے کوشاں ہے، مخیر حضرات وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں رقوم جمع کرا رہے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں حصہ لینے والے مخیر حضرات کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔ دریں اثناء قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ قائداعظم کے زریں اصولوں ’’ایمان، اتحاد، تنظیم‘‘ کو اپنا کر ہم مملکت خدا داد پاکستان کو درست سمت میں ڈال سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ قائداعظمؒ کے اصولوں پر چل کر ہی ہم پاکستان کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ تحمل، برداشت اور رواداری پر مبنی پرامن معاشرے کا قیام بانی پاکستان محمد علی جناح کا خواب تھا۔پرویز الٰہی نے کہا ہماری حکومت میں سکھ ہی سکھ ہیں‘ دکھ کوئی نہیں ہو گا‘ فلاح کے کاموں میں پنجاب گورنمنٹ سب سے آگے ہو گی۔ سیلاب متاثرین کی ڈونیشن اور اسکے استعمال کے طریقہ کار میں شفافیت یقینی بنائیں گے‘ مانیٹرنگ بھی کریں گے اور گھپلے کرنے والوں کو سزا دیں گے۔ لاہور پریس کلب کے ارکان کا لائف انشورنس پریمیم ادا کرنے اور جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے معاونت کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے صدر پریس کلب کو ڈیڑھ کروڑ روپے کا چیک دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جگہ موجود ہوئی تو پریس کلب کے B بلاک کے الاٹیز کو متبادل جگہ دی جائے گی۔ لاہور پریس کلب کے لئے 2 کروڑ کی گرانٹ کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔ لاہور پریس کلب کے ارکان کی لائف انشورنس کا پریمیم ادا کرنے کے لئے بھی معاونت کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن