لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش ،نالہ لئی لبالب بھر گیا ، بجلی گرنے سے 2 جاں بحق
لاہور‘ اسلام آباد‘ میانوالی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ نامہ نگار+ خبر نگار) اسلام آباد ‘ راولپنڈی‘ لاہور سمیت بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، تیز ہواوں کے ساتھ طوفانی بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے،نالے بھی پانی سے بھرگئے۔ جڑواں شہروں میں 32ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ راولپنڈی کے نشیبی علاقے بارش سے زیر آب آگئے۔ صادق آباد، شکریال، ڈھوک کالاخان میں پانی گلیوں میں داخل ہو گیا۔ واسا کے عملے کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ ملکہ کوہسار مری ، کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں میں بھی موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ صوابی میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ندی نالے بپھر گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ14 ستمبر تک جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں راولپنڈی میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 14 سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق چک نمبر 16 ایم ایل میں دوران بارش آسمانی بجلی کی زد میں آکر 22 سالہ نوجوان چودھری عمران جاں بحق ہو گیا۔خبر نگار کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق آج پیر کے روز کشمیر، خیبرپختو نخوا ، اسلام آباد، با لائی وسطی پنجاب، گلگت بلتستان، مشرقی اور جنوبی سندھ میں تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم بالائی خیبر پختونخوا، اسلا م آباد، بالائی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور زیریں سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح انتہائی بلند ہو گئی۔ پانی کرال چوک کے قریب شریف آباد پل سے ٹکرا رہا ہے جس سے قریبی آبادی کو خطرہ ہے۔