کرونا ، مزید 139 افراد شکار ، 94 مریضوں کی حالت تشویشناک ،بھارت میں 5076 کیسز
اسلام آباد‘ نئی دہلی (خبر نگار ‘ اے پی پی) پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی ہوئی ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کے 139 کیسز رپورٹ ہوئے‘ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ پاکستان کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس انفیکشن سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا۔15 ہزار 702 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں مثبت کیسز کی شرح 0.89 فیصد رہی۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق کووِڈ19 سے ہونے والے انفیکشن کے باعث ملک بھر کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج 94 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جنہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں مجموعی طور پر اب تک 15 لاکھ 71 ہزار 91 کرونا کیسز سامنے آ چکے جب کہ مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 599 ہو چکی ہے۔ دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 76 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 444955359 ہو گئی ہے۔ چینی خبررساں ادارے کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 11 مزید اموات کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 28 ہزار 150 تک پہنچ گئی ہے۔