متاثرہ علاقوں میں نظام زندگی جلد بحال کیا جائے : وزیر اعظم
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + اے پی پی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں سیلابی صورتحال اور سیلاب زدگان کیلئے امدادی کارروائیوں پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں نظام زندگی کی بحالی کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیلاب زدہ علاقوں میں نظام زندگی کی بحالی کیلئے نظام مواصلات‘ بجلی کی ترسیل اور دیگر امدادی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کرنے اور سیلاب زدہ علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہبازشریف نے صوبوں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کا بھی کہا۔ اجلاس میں وفاقی وزرائ‘ چیئرمین این ڈی ایم اے اور چیئرمین این ایف آر سی سی نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یو این سیکرٹری جنرل کی سیلاب متاثرین کی بے مثال معاونت پر مشکور ہیں ، یو این سیکرٹری جنرل سیلاب متاثرین کی آواز بن کر ابھرے ہیں۔ ٹویٹ پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ یو این سیکرٹری جنرل کے ہمدردانہ اور قائدانہ کردار نے بے حد متاثر کیا، پاکستان کو اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں انہوں نے جو کہا اس پر دنیا کو توجہ دینی چاہیے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دادو میں سیلابی ریلے سے گرڈ سٹیشن کو فوری بچانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ 500KV گرڈ سٹیشن کو خطرے کی خبر پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا فوری نوٹس لے لیا۔ وزیر اعظم نے اعلیٰ سول و فوجی قیادت کو تمام تر وسائل بروئے کار لا کر گرڈ سٹیشن کو سیلاب سے بچانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے وزیر کلچر، نوجوانان اور سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کو ٹیلی فون کر کے سیلاب متاثرین کے لئے بڑی مالی امداد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ آپ نے پاکستانی عوام سے بے لوث محبت اور انسانیت کے لئے دردمندی کا ثبوت دیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستانی قوم کی مشکلات کا حل بابائے قوم کے ایمان‘ اتحاد اور تنظیم کے لازوال سنہری اصولوں پر عملدرآمد کو قرار دیدیا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے 74 ویں یوم وفات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم آج کے دن قائداعظم کی مسلمانان برصغیر کے حقوق کی جنگ میں انتھک جدوجہد‘ دوراندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج قوم کو پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے بابائے قوم کے ایمان‘ اتحاد اور تنظیم کے لازوال سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ معاشی مشکلات میں گھرے وطن عزیز کو سیلاب کی قدرتی آفت کا سامنا ہے‘ لیکن مجھے پورا بھروسہ ہے کہ ہم اپنے ایمان کی طاقت‘ اتحاد اور بھائی چارے سے اپنی صفوں میں ایسا نظم و ضبط لیکر آئیں گے کہ صرف سیلاب و معاشی مشکلات نہیں بلکہ تمام چیلنجز پر قابو پا کر قائد کے عظیم پاکستان کی منزل کو جلد حاصل کر لیں گے۔ راستہ دشوار ضرور ہے مگر منزل کا حصول ناممکن ہرگز نہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب زدگان کی امدادکی تقسیم وترسیل میں شفافیت کے لئے ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ قائم کر دیا گیا، جدید ٹیکنالوجی سے بنے اس ڈیش بورڈ کا آج احسن اقبال افتتاح کریں گے۔ ڈیش بورڈ سے عوام کو امدادی سامان کی وصولی، تقسیم اور ترسیل کی تمام معلومات فوری فراہم ہوں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کے لئے آنے والی امداد اور اس کی تقسیم کے تمام عمل کو شفاف بنانے کے لئے’’ ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ‘‘ تیار کرلیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف ڈیجیٹل فلڈز ڈیش بورڈ کی نگرانی بذات خود کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی فراہمی پر ترک حکومت کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے معاشی شرح نمو میں 2 فیصد کمی آئی۔ متاثرین کی بحالی حکومت پاکستان کیلئے بڑا چیلنج ہے۔ وزیراعظم نے ترکیہ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔خبر نگار خصوصی کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کلثوم نواز ایک بہادر اور نڈر خاتون تھیں، ضرورت کے وقت وہ جمہوریت اور آئین کے ساتھ کھڑی ہوئیں۔ اتوار کواپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ باوقار اور نرم گفتار کلثوم نواز نے ہر کردار کو کمال کے ساتھ نبھایا۔ جس لمحے کوئی ان سے بات کرتا، وہ ان کے پیار سے مغلوب ہوجاتا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ضرورت کے وقت وہ جمہوریت اور آئین کے لیے کھڑی ہوئیں۔ انہوں نے دعا کی کہ ان کی روح کو سکون ملے۔