الیکشن رونے چیخنے سے نہیں ،2023 کو ہوگا ، زبردستی پر قانون حرکت میں آئے گا : مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبر نگارخصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کی ''کال'' کے بیان کو گیدڑ بھبکی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب سیلاب کی وجہ سے لوگ پہلے سے ہی سڑکوں پر ہیں، آپ اندھے اور بہرے ہو چکے ہیں، الیکشن زبردستی، رونے، چیخنے اور پیٹنے سے نہیں ہوگا، 2023ء میں ہوگا۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ عمران خان کے کان نہیں کھلے، عمران خان کان کھول کر سن لیں الیکشن 2023ء میں ہوں گے۔ سیلاب میں ڈوبے ہوئے ملک کی حالت دیکھیں جبکہ عمران خان اپنی زہریلی انا میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ عمران صاحب لاڈلہ بن کر ''زور زبردستی'' کی آپ کو عادت ہو گئی ہے، عادت بدل لیں، وقت بدل چکا ہے۔ قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا، پھر آپ چیخیں گے، روئیں گے اور پیٹیں گے۔ عمران خان کا اصل چہرا عوام کے سامنے آ چکا ہے، مسئلہ صرف یہ ہے کہ عمران خان اور اہل وعیال کی لوٹ مار اور ڈاکے کی پوری حقیقت قانون کے سامنے آ چکی ہے، عوام کو عمران خان کے فارن ایجنٹ ہونے اور خیرات کے پیسے ذاتی خرچ کے لئے استعمال کرنے والے عمران خان کا پتہ چل چکا ہے۔ عمران خان کا وطیرہ ہے کہ ''کبھی بھی کال دوں گا اور پھر بھاگ جائوں گا''، سیلاب زدگان کی مدد کو نہیں جائوں گا، اقتدار کے لئے شر، فتنہ اور فساد پھیلائوں گا، پاکستان کے مفادات، عوام کی زندگی اور ہر ادارے کو اپنی زہریلی انا کی بھینٹ چڑھا دوں گا۔ حقیقی آزادی کی تحریک چلانے والا امریکہ میں سی آئی اے کے سابق چیف کے ذریعے اپنے حق میں تحریک چلوا رہا ہے، اربوں روپے فتنہ اور انتشار پر خرچ کرنے والوں کی باتیں ایسی ہی ہوتی ہیں، شہدا کے خلاف گھٹیا مہم چلانے والوں کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔ الیکشن کمشن کی تضحیک، عدالتوں کو دھمکی لگانے والے کی کال پر عوام نہیں آتی، شہدا کے خلاف مہم چلانے، ملک کو سری لنکا بنانے کی سازش کرنے والے کی کال عوام نہیں سنتی، عمران خان سیلاب زدگان پر چار آنے لگانے کو تیار نہیں جبکہ ذاتی تشہیر کے لئے جلسوں پر کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں۔ عمران خان پھر بزدار، فرح گوگی اور بشری بی بی حکمرانی ماڈل ملک پر مسلط کرنا چاہتا ہے، معیشت تباہ کرنے والا عمران خان نہیں چاہتا کہ سیلاب زدگان اپنے گھروں میں بحال ہوں۔